تعلقہ پولیس کی بڑی کارروائی، 60 ہزار گرام مضر صحت گٹکا سپاری برآمد، مرکزی ملزم گرفتار

نواب شاہ (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور مضر صحت گٹکا سپاری کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ تعلقہ نوابشاہ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 60 ہزار گرام مضر صحت گٹکا سپاری برآمد کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ تعلقہ نوابشاہ کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر سنیپ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک سوزوکی سوئفٹ کار کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے 300 پیکٹ سلام گٹکا سپاری برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 60 ہزار گرام جبکہ تعداد تقریباً 30 ہزار پڑیاں بتائی جاتی ہے۔پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم مصور ولد منظور مینگل کو گرفتار کرکے گاڑی اور برآمد شدہ گٹکا سپاری اپنی تحویل میں لے لی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ مضر صحت گٹکا سپاری شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے جا رہا تھا پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 184/2026، سندھ گٹکا مین پڑی ایکٹ کی دفعات 4، 5 اور 8 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ نے تعلقہ پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات اور مضر صحت اشیاء سے محفوظ رکھنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا پولیس ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ منشیات فروشی اور مضر صحت گٹکا سپاری کی خرید و فروخت یا اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی اطلاع کی صورت میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back To Top