پیپلزپارٹی کا شعبہ اطلاعات مزید فعال بنائینگے،شرمیلا فاروقی

پی پی پی کراچی ڈویژن کا اطلاعاتی نظام مزید فعال بنانے کا فیصلہ، ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کی زیر صدارت اجلاس تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے شعبہ اطلاعات کا اہم اجلاس ڈویژنل سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی بھر میں پارٹی کے اطلاعاتی نظام کو مزید منظم، مربوط اور متحرک بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹریز اطلاعات آصف خان اور شکیل احمد چوہدری، ضلعی سیکریٹریز اطلاعات شاہجہان خان، سید افتخار حسین شاہ، فرخ نیاز تنولی، فرید میمن، اسد حنیف اور سید مغیز سمیت ذیلی تنظیموں کے سیکریٹریز اطلاعات مسرت نیازی، تصدیق ندیم، ڈاکٹر راکش موٹانی اور وحید خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کراچی جیسے متحرک شہر میں پارٹی کا شعبہ اطلاعات محض تنظیمی سرگرمیوں کی تشہیر تک محدود نہ رہے، بلکہ عوامی مسائل، پارٹی پالیسی اور قیادت کے مؤقف کو بروقت انداز میں عوام تک پہنچائے۔ ڈاکٹر شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ڈویژن، اضلاع، سٹی ایریاز، پی ایس، یوسیز اور وارڈز کی سطح پر شعبہ اطلاعات کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے
تاکہ پارٹی کا پیغام مؤثر انداز میں نچلی سطح تک پہنچ سکے۔ اجلاس میں وارڈ، یوسی اور پی ایس کی سطح پر اطلاعاتی ٹیموں کو مزید فعال بنانے، باہمی رابطے بہتر کرنے اور سوشل و ڈیجیٹل میڈیا پر پارٹی کی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے آئندہ ایونٹس اور سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے میڈیا اور سوشل میڈیا کی جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، تاکہ عوام تک پارٹی مؤقف کی ترسیل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back To Top